پاک چین دوطرفہ تجارت میں 18.19فیصد اضافہ
چین کو برآمدات میں 7.22،درآمدات میں 20فیصدکی نموریکارڈ
اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان اورچین کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 18.19 فیصدکانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا، مالی سال کے دوران چین کو پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر7.22فیصد اور چین سے درآمدات میں 20 فیصد کی نموہوئی ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جاری پہلے 10ماہ میں دوطرفہ تجارت کاحجم 18.036 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو 18.19 فیصدزیادہ ہے۔ اپریل میں دونوں ممالک کے درمیان 2.053 ارب ڈالرکی دوطرفہ تجارت ہوئی ۔ پہلے 10 ماہ میں چین کو برآمدات سے ملک کو 2.220ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل ہوا جو 7.22 فیصد زیادہ ہے۔ اپریل میں چین کو برآمدات کا حجم 275.91 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلے 10 ماہ میں چین سے درآمدات پر 15.81 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہوا جو 20 فیصد زیادہ ہے۔ اپریل میں چین سے درآمدات کا حجم 1.777ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جومارچ میں 1.537ارب ڈالراورگزشتہ سال اپریل میں 1.609 ارب ڈالرتھا۔