اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے برانچ تبدیلی کا عمل مزید آسان
بینک صارفین کو دو ماہ قبل آگاہی دینے کے پابند، کنورژن کا دورانیہ کم ہوگیا
کراچی (بزنس رپورٹر)اسلامی بینکاری کے فروغ اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے مطابق بینکاری نظام کی تدریجی تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک نے روایتی بینکاری برانچز کو اسلامی بینکاری برانچز میں تبدیل کرنے کے طریقہ کار میں مزید آسانیاں متعارف کرا دی ہیں۔ مرکزی بینک نے اس حوالے سے نئی ترامیم پر مشتمل سرکلر جاری کرتے ہوئے کمرشل بینکوں اور مائیکروفنانس بینکوں کیلئے برانچ کنورژن کا عمل نسبتاً آسان اور تیز بنا دیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق اب روایتی بینکاری برانچ کو اسلامی بینکاری برانچ میں تبدیل کرنے سے قبل متعلقہ بینک اپنے صارفین کو دو ماہ قبل باضابطہ طور پر آگاہ کریں گے ۔ ماضی میں روایتی برانچ کو اسلامی بینکاری برانچ میں تبدیل کرنے کا مجموعی عمل تقریباً ساڑھے تین ماہ پر محیط ہوتا تھا، تاہم نئی ترامیم کے بعد اس مدت کو کم کر کے بینکوں کیلئے تبدیلی کے عمل کو زیادہ مؤثر اور سہل بنایا گیا ہے۔