کراچی پورٹ نے کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا
رواں مالی سال پہلی بار 26.51لاکھ سے زائد ٹی ای یوز کنٹینرز ہینڈل
کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی پورٹ نے مالی سال 2025-26 کے اختتام سے قبل کنٹینر ہینڈلنگ کا نیاریکارڈ قائم کرتے ہوئے سمندری تجارت اور لاجسٹکس شعبے میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ۔کراچی پورٹ پر رواں مالی سال 26 لاکھ 51 ہزار سے زائد ٹی ای یوز کنٹینرز ہینڈل کیے گئے جو ملکی بندرگاہی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ سالانہ کنٹینر ہینڈلنگ ہے ،اس کامیابی کے ساتھ کراچی پورٹ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ بن گئی جسے ماہرین بڑھتی تجارتی سرگرمیوں، بندرگاہی انفرااسٹرکچر میں بہتری اور لاجسٹکس نظام کی استعداد میں اضافے کا مظہر قرار دے رہے ہیں ۔وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ کراچی پورٹ کی ریکارڈ کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی شپنگ، پورٹ آپریشنز اور لاجسٹکس صلاحیت مضبوط ہو رہی ہے ، بندرگاہوں کی استعداد میں اضافے ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تجارتی سہولتوں میں بہتری کے باعث معیشت کو مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔ وزیر بحری امور نے کہا کہ حکومت پاکستان کو خطے میں اہم ٹرانس شپمنٹ اور لاجسٹکس حب میں تبدیل کرنے کے وژن پر عمل پیرا ہے ۔