سونا ہزار روپے تولہ سستا، چاندی قیمت میں 271روپے کمی
تولہ سونا 4لاکھ 31ہزار 236، دس گرام 3لاکھ 69ہزار 715روپے کا ہوگیا
کراچی (کامرس رپورٹر)عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ہفتے کے روز سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث قیمتی دھاتوں کی خریداری کے خواہشمند افراد کو کچھ ریلیف ملا ہے ، بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 10 ڈالر کی کمی کے بعد 4 ہزار 88 ڈالر کی سطح پر آگئی، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ، آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 31 ہزار 236 روپے ہوگئی، جبکہ 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 730 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 69 ہزار 715روپے کی سطح پر آگئی۔ دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی، جہاں 24 قیراط فی تولہ چاندی 271 روپے سستی ہوکر 6 ہزار 393 روپے پر آگئی، صرافہ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر، امریکی مالیاتی پالیسی سے متعلق توقعات اورسرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں یہ کمی سامنے آئی، جبکہ عالمی رجحان کے زیر اثر مقامی صرافہ مارکیٹ میں تسلسل کے ساتھ سونے اور چاندی کے نرخ نیچے آرہے ہیں۔