نئے تجارتی مواقع کی تلاش، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں پاکستان شریک

نئے تجارتی مواقع کی تلاش، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں پاکستان شریک

عاطف اکرام نے نمائندگی کی، تجارتی فروغ وترقی، مختلف حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال اقتصادی تعلقات استوار کرنے کا عزم، پاکستان اگلے سال چیئرمین شپ سنبھالے گا

کراچی(کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے جمہوریہ کرغز کے شہر بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم بزنس کونسل کے بورڈ اجلاس میں پاکستانی نمائندگی کی۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ عاطف اکرام شیخ اس وقت ایس سی او بزنس کونسل کے ڈپٹی چیئرمین بھی ہیں، عاطف اکرام نے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی جسکا مقصد نئے تجارتی مواقع تلاش کرنا اور مختلف ممالک کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقائی اقتصادی انضمام، تجارتی شراکت داری کے فروغ اور پائیدار ترقی کیلئے مختلف حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران عاطف اکرام شیخ نے پاکستان کے اہم جغرافیائی محلِ وقوع، سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور رکن ممالک کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات استوار کرنے کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ خطے کی معاشی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے ۔ انہوں نے علاقائی رابطوں کے فروغ، سرحد پار تجارت میں سہولت، مشترکہ سرمایہ کاری، اور صنعت، زراعت، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، لاجسٹکس اور انفرا اسٹرکچر جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ عاطف اکرام شیخ نے بتایا کہ اجلاس کا سب سے اہم نتیجہ یہ رہا کہ باضابطہ طور پر اس بات کی توثیق کی گئی کہ پاکستان، ایف پی سی سی آئی کے ذریعے سال 2027کے لیے ایس سی او بزنس کونسل کی چیئرمین شپ سنبھالے گا۔یہ چیئرمین شپ ایس سی او کے رکن ممالک کے پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے اور ملک کی کاروباری برادری کے لیے کونسل کے مستقبل کے ایجنڈے کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔ ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں