عارف حبیب لمیٹڈ کا جعلی اے آئی اسکیم سے لاتعلقی کا اعلان
کمپنی نے پی ایس ایکس کو آگاہ کردیا، عوام کو فراڈ سے محتاط رہنے کی ہدایت غیرحقیقی منافع کے دعوے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش ہیں،کمپنی
کراچی(بزنس رپورٹر )عارف حبیب لمیٹڈ نے اپنے نام اور عارف حبیب گروپ کی ساکھ کو استعمال کرتے ہوئے چلائی جانے والی مبینہ جعلی آرٹیفیشل انٹیلی جنس سرمایہ کاری اسکیم سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے ۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ بعض شرپسند عناصر غیرقانونی طور پر ادارے کا نام استعمال کرکے عوام کو گمراہ کرنے اور مالی فراڈ کی کوشش کر رہے ہیں ۔ اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کیے گئے خط میں عارف حبیب لمیٹڈ نے کہا کہ نہ تو کمپنی اور نہ ہی عارف حبیب گروپ نے عارف حبیب اے آئی یا اس سے ملتے جلتے نام سے کوئی آرٹیفیشل انٹیل یجنس پر مبنی سرمایہ کاری پلیٹ فارم قائم کیا ہے ۔ کمپنی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عارف حبیب، عارف حبیب لمیٹڈ اور عارف حبیب گروپ کا کسی بھی قسم کی ایسی سرمایہ کاری اسکیم سے براہِ راست یا بالواسطہ کوئی تعلق نہیں۔ کمپنی کے مطابق سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع پر جعلی تشہیر کے ذریعے عوام کو یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ نام نہاد عارف حبیب اے آئی پلیٹ فارم میں سرمایہ کاری پر فی ہفتہ پانچ لاکھ روپے تک منافع حاصل کیا جا سکتا ہے ۔کمپنی نے خبردار کیاکہ ایسے غیرحقیقی منافع کے وعدوں کا مقصد عوام کو دھوکہ دے کر ان سے رقوم بٹورنا ہے ۔عارف حبیب لمیٹڈ نے اپنے خط میں اس بات پر بھی زور دیا کہ کمپنی سے متعلق تمام اہم فیصلے ، مالی معلومات،سرمایہ کاری سے متعلق اعلانات اور دیگر مادی اطلاعات ہمیشہ متعلقہ ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق اسٹاک ایکسچینج کے پلیٹ فارم اور کمپنی کے سرکاری ذرائع سے جاری کی جاتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments