پریمیم پرائز بانڈز کی فروخت کا نیا طریقہ کار جاری
کمرشل بینکوں کیلئے سخت قواعد و ضوابط متعارف کرادیے ،اسٹیٹ بینک
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے پریمیم پرائز بانڈز کی فروخت، رقم کی سیٹلمنٹ، رپورٹنگ اور انعامی ادائیگیوں سے متعلق نیا طریقہ کار جاری کرتے ہوئے کمرشل بینکوں کیلئے سخت قواعد و ضوابط متعارف کرا دیے ۔ نئے سرکلر کے تحت بینکوں کو فروخت ہونے والے بانڈز کی رقم اسی کاروباری روز اسٹیٹ بینک میں جمع کرانا ہوگی جبکہ تاخیر یا غلط رپورٹنگ کی صورت میں متعلقہ بینک ذمہ دار ہوگا۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق تمام کمرشل بینک پریمیم پرائز بانڈز کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم اسی روز اسٹیٹ بینک میں منتقل کرنے کے پابند ہوں گے ۔ فروخت کے تمام لین دین کی تفصیلات بھی ڈی اے پی کو مقررہ وقت کے اندر فراہم کرنا لازمی ہوں گی تاکہ سیٹلمنٹ کا عمل بروقت مکمل کیا جاسکے ۔سرکلر میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کمرشل بینکوں کی یومیہ رپورٹ کی بنیاد پر متعلقہ بینک اکاؤنٹ سے فروخت شدہ بانڈز کی رقم ڈیبٹ کرے گا،اگر کوئی بینک مقررہ دن رقم جمع کرانے میں ناکام رہتا ہے تو اس پر یوز آف فنڈز چارج عائد کیا جائے گاجسکا مقصد سرکاری رقوم کے بروقت انتقال کو یقینی بنانا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments