اسٹاک مارکیٹ:ہفتہ بھر مثبت رجحان، انڈیکس 5335پوائنٹس بڑھا
سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہنے سے زبردست تیزی، انڈیکس 181430پربند 3فیصد اضافہ ریکارڈ، انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 82ہزار 7پوائنٹس رہی
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہنے کے باعث زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 5 ہزار 335 پوائنٹس کے نمایاں اضافے سے ایک لاکھ 81 ہزار 430 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ ہفتہ وار بنیاد پر مارکیٹ میں تقریباً 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس نے مجموعی طور پر مثبت رجحان برقرار رکھا، انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 82 ہزار 7 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 77 ہزار 43 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ میں مختلف شعبوں کے نمایاں شیئرز میں خریداری کے باعث انڈیکس نے ہفتے کا اختتام مضبوط سطح پر کیا، ایک ہفتے کے دوران اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی 169 ارب روپے مالیت کے 3 ارب 74 کروڑ سے زائد شیئرز کے سودے ہوئے
، جس سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی سرگرمی اور کاروباری حجم میں نمایاں اضافہ ظاہر ہوتا ہے ۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں میں حصص کی خرید و فروخت جاری رہی اور کئی اہم شعبوں کے اسٹاکس میں دلچسپی دیکھنے میں آئی، ہفتہ وار بنیاد پر مارکیٹ کی مجموعی سرمایہ کاری مالیت، یعنی مارکیٹ کیپٹلائزیشن، 482 ارب روپے بڑھ کر 20 ہزار 237 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوران آئل اینڈ گیس، آئی ٹی، بینکنگ، انرجی، ٹیلی کام اور کیمیکل سمیت مختلف اہم شعبوں کے شیئرز میں سرگرمی رہی۔
ان شعبوں سے وابستہ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاروں کی خریداری نے مجموعی مارکیٹ کو سپورٹ کیا اور بینچ مارک انڈیکس کو نئی بلند سطحوں کی جانب بڑھنے میں مدد دی۔ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی ہے ، تاہم بلند سطح پر حصص کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا امکان رہتا ہے۔ سرمایہ کار آئندہ ہفتے ملکی معاشی اشاریوں، شرح سود، روپے کی قدر، عالمی مالیاتی مارکیٹ کے رجحانات اور کارپوریٹ نتائج سمیت اہم عوامل پر نظر رکھیں گے ، اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل مثبت رجحان سے مختلف شعبوں میں نئی سرمایہ کاری اور خریداری کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے ، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا 20 ہزار 237 ارب روپے سے تجاوز کرنا بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر مضبوط سرمایہ کار سرگرمی کی نشاندہی کرتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments