ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے صنعتوں کو خام مال سپلائی میں مشکلات، فباٹی
بیشتر صنعتوں کادرآمدی خام مال پرانحصار، پیداوار متاثر ہونے کے خطرات بڑھ گئے ، صدر حکومت ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات اور مسائل حل کرکے ہڑتال فوری ختم کرائے ، گفتگو
کراچی (کامرس رپورٹر)فیڈرل بی ایریا کی صنعتی سرگرمیاں گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے صدر فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) شیخ تحسین نے کہا ہے کہ مال بردار گاڑیوں کی ہڑتال کے باعث صنعتوں کو خام مال کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے ، جس سے صنعتی پیداوار متاثر ہونے کا خطرہ ہے شیخ تحسین نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ہڑتال طویل ہوئی تو فیکٹریوں میں خام مال کی قلت پیدا ہونے کے باعث پیداواری سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں، جبکہ فیکٹریوں سے تیار مال کی مارکیٹوں اور دیگر مقامات تک ترسیل بھی مشکلات کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں سے خام مال کی ترسیل متاثر ہونے کے باعث صنعتی شعبے پر مزید دباؤ بڑھ رہا ہے کیونکہ متعدد صنعتیں درآمدی خام مال پر انحصار کرتی ہیں۔ ٹرانسپورٹ کا نظام معمول پر نہ آنے سے سپلائی چین میں رکاوٹ اور کاروباری لاگت میں اضافے کا خدشہ ہے صدر فباٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل فوری طور پر حل کرکے ہڑتال ختم کرائی جائے تاکہ صنعتوں کو خام مال کی بلاتعطل فراہمی اور تیار مصنوعات کی ترسیل یقینی بنائی جاسکے شیخ تحسین کا کہنا تھا کہ صنعتی پہیہ رواں رکھنے کے لیے مال بردار ٹرانسپورٹ کی فوری بحالی ناگزیر ہے ، حکومت صنعت اور ٹرانسپورٹ شعبے کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments