مشرق وسطیٰ کشیدگی سے عالمی منڈیوں میں فاسفورک ایسڈ مہنگا
قیمت 1360سے 1700ڈالر ٹن تک پہنچ گئی، 25فیصد اضافہ، کھاد قیمتوں پردباؤ
کراچی (کامرس رپورٹر)مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں فاسفورک ایسڈ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پاکستان میں زرعی کھاد کی قیمتوں پر دباؤ بڑھنے لگا، رپورٹ کے مطابق مالی سال 26-2025کی دوسری سہ ماہی میں فاسفورک ایسڈ کی قیمت تقریباً 1360 ڈالر فی ٹن تھی، جو تیسری سہ ماہی میں تقریباً 1700 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔ یوں چند ماہ میں قیمت تقریباً 340 ڈالر فی ٹن بڑھی، جولگ بھگ 25 فیصد اضافہ ہے ، پاکستان زرعی ضروریات کیلئے فاسفورک ایسڈ کی درآمد پر خاصا انحصار کرتا ہے اور ملک میں استعمال تقریباً 50 فیصد فاسفورک ایسڈ کی درآمد مشرقِ وسطیٰ سے ہوتی ہے ۔ خطے میں کشیدگی کے باعث سپلائی، شپنگ، انشورنس، لاجسٹکس اخراجات بڑھ گئے ، جس کے اثرات درآمدی لاگت پرپڑرہے ہیں، عالمی مارکیٹ میں فاسفورک ایسڈ کی قیمت بڑھنے کا براہِ راست اثر ڈی اے پی کھاد پرپڑ رہا ہے ۔ عالمی رپورٹ کے مطابق فاسفورک ایسڈ کی مہنگی قیمتوں کے باعث ڈی اے پی کھاد قیمت تقریباً840ڈالر فی ٹن تک پہنچ گئی۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر فاسفورک ایسڈ اور فاسفیٹ کھادوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ برقرار رہا تو اثرات مقامی کھاد مارکیٹ پربھی مزید نمایاں ہوسکتے ہیں۔ کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ زرعی کھاد کی قیمتوں میں اضافہ فصلوں کی پیداواری لاگت متاثر کرسکتا ہے ، جسکا اثر کسانوں اور زرعی شعبے پر پڑیگا، اگر عالمی منڈی میں فاسفورک ایسڈ کی قیمتیں بلند رہتی ہیں تومقامی کھاد مزید مہنگی ہونے کاخدشہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments