فریزلینڈ کیمپینا اینگروکی آمدنی 58.9 ارب تک پہنچ گئی
مارجن میں 350بیس پوائنٹس ، آپریٹنگ منافع میں 53فیصد اضافہ ہوا
کراچی(بزنس ڈیسک)فریزلینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ نے سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں آمدنی میں 12.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے ۔ کمپنی کی آمدنی 58.9 ارب روپے تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں آمدنی 52.5 ارب روپے رہی تھی۔ یہ کارکردگی موزوں پورٹ فولیو مکس، مارکیٹ میں مؤثر عمل درآمد، منتخب برانڈ سرمایہ کاری اور روٹ ٹو مارکیٹ کے بنیادی عوامل پر توجہ کے باعث ممکن ہوئی۔ آمدنی میں اضافے کے ساتھ سورسنگ، مینوفیکچرنگ اور ڈسٹری بیوشن کے شعبوں میں جاری کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں گراس مارجن میں 350 بیس پوائنٹس اور آپریٹنگ منافع میں 53.9 فیصد اضافہ ہوا۔پیک شدہ دودھ کی مارکیٹ بدستور ٹیکس سے قبل کی سطح سے کم سطح پر کام کر رہی ہے جس کی بنیادی وجہ جولائی 2024 میں یو ایچ ٹی دودھ پر عائد کیا گیا 18 فیصد سیلز ٹیکس ہے ۔ کھلے دودھ کے مقابلے میں غیر مساوی مسابقتی ماحول، جو اب بھی ٹیکس نیٹ سے باہر ہے ، منظم ڈیری شعبے میں حجم کو مسلسل متاثر کر رہا ہے ۔ کمپنی نے منصفانہ ٹیکس نظام کی وکالت کیلئے متعلقہ حکومتی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ فعال رابطہ جاری رکھااور موجودہ ٹیکس نظام کے عوامی صحت، کسانوں کے روزگار اور دستاویزی ڈیری معیشت پر منفی اثرات کو اجاگر کیا۔سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران علاقائی تنازع نے کاروباری ماحول کیلئے مشکلات پیدا کرنا جاری رکھیں۔ شپمنٹس میں تاخیر اور مال برداری کے بلند اخراجات نے ویلیو چین پر دباؤ ڈالا جبکہ اس عرصے کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں متعدد بار نظرثانی نے ان پٹ لاگت میں مزید اتار چڑھاؤ پیدا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments