اسٹاک ایکسچینج ،تیزی،انڈیکس میں 248پوائنٹس کا اضافہ
خریداری کا سلسلہ جاری ،کے ایس ای 100انڈیکس171,402 پوائنٹس پر بند 494 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ،226 میں اضافہ،221کی قیمتیں گرگئیں
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو بھی خریداری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں بینچ مارک 100 انڈیکس میں 248پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون سے ہوا، دورانِ سیشن انڈیکس 171,680.73 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔اس موقع پر فروخت کا دباؤ غالب آگیا اور صبح کے آخری حصے اور دوپہر کے ابتدائی اوقات میں تیزی بتدریج کم ہوتی گئی۔بعد ازاں مارکیٹ نے تیزی سے بحالی کی اور انڈیکس 171,100 پوائنٹس کی سطح سے اوپر آگیا جس کے بعد دوپہر کے بیشتر حصے میں محدود دائرے میں کاروبار ہوتا رہا۔کاروبار کے آخری منٹوں میں معمولی کمی کے بعد خریداری کی نئی لہر دیکھی گئی جس سے انڈیکس دوبارہ دن کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچا لیکن اختتام سے قبل معمولی کمی ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 248 پوائنٹس کے اضافے سے 171,402 پوائنٹس پر بند ہوا۔آل شیئر انڈیکس میں کاروباری حجم گزشتہ سیشن کے 692.88 ملین حصص کے مقابلے میں کم ہوکر 641.83 ملین حصص رہا۔حصص کی مجموعی مالیت بھی گزشتہ سیشن کے 20.10 ارب کے مقابلے میں کم ہوکر 18.47 ارب روپے رہی۔ مجموعی طور پر 494 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 226 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 221 میں کمی اور47 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments