کاروباری رہنماؤں کا معیشت کی بحالی کیلئے اصلاحات کا مطالبہ
ایک شعبے میں الگ تھلگ اقدامات سے مسائل حل نہیں ہوسکتے ،عبدالرحمن فدا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کاروباری اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کراچی کی معیشت کی بحالی کیلئے بلدیاتی نظام مضبوط بنانے ، سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر کرنے ، توانائی اخراجات کم کرنے ، ٹیکسوں کا بوجھ گھٹانے ، شہری مسائل حل کرنے ، اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی اور معیشت کے فروغ کے لیے ضروری اصلاحات متعارف کرانے پر زور دیا ہے ۔معروف برآمد کنندہ اور سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری (ایس اے آئی)کے صدر عبدالرحمٰن فدا نے کہا کہ کسی ایک شعبے میں الگ تھلگ اقدامات سے مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔ کاروباری اور صنعتی ترقی کیلئے قومی سطح پر کاروبار اور صنعت دوست پالیسیاں ضروری ہیں جن میں مناسب توانائی کی قیمتیں، کم کارپوریٹ ٹیکس اور مجموعی طور پر سازگار کاروباری ماحول شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص کراچی کیلئے صوبائی و بلدیاتی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل معاونت درکار ہے۔
تاکہ بہتر انفرااسٹرکچر، مؤثر امن و امان، پانی کی مناسب فراہمی اور صنعتی علاقوں کو مختلف سرکاری محکموں کی ہراسانی سے پاک رکھنے کو یقینی بنایا جاسکے ۔معروف صنعت کار ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا انجن ہے مگر مسابقت برقرار رکھنے کے لیے شہر کے کاروباری اور صنعتی علاقوں کو قابلِ اعتماد انفرااسٹرکچر اور سازگار ماحول کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز صنعتی ایسوسی ایشنز کی مشاورت سے سڑکوں، نکاسی آب، پانی، سیوریج اور دیگر بنیادی سہولتوں پر خرچ کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے زور دیا کہ صنعت کو بلاتعطل اور مسابقتی نرخوں پر بجلی اور گیس بھی فراہم کی جائے ۔ کراچی میں کاروباری ضوابط آسان، بندرگاہوں سے رابطہ مؤثر، پبلک ٹرانسپورٹ بہتر اور برآمدات و سرمایہ کاری کے لیے معاونت مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments