اسٹاک ایکسچینج ،مندی، ایک لاکھ 65ہزار کی حد گرگئی
347.97پوائنٹس کی کمی سے 100انڈیکس 164776پر بند 45.20فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی،33ارب روپے ڈوب گئے
کراچی(بزنس رپورٹر)مشرق وسطی کشیدگی بڑھنے سے اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو تیزی کے بعد کاروبار کا اختتام مندی پر ہوا جس سے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 65ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔ مندی کے سبب 45.20 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 33ارب روپے سے زائدڈوب گئے ، ایک موقع پر 1649 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 66ہزار پوائنٹس کی سطح بھی بحال ہوگئی تھی لیکن اختتامی لمحات سے قبل بینکنگ، آئی ٹی، آئل اینڈ گیس سمیت دیگر شعبوں میں پرافٹ ٹیکنگ سے مارکیٹ مندی کے گرد گھومتی رہی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 347.97 پوائنٹس کی کمی سے 164776.44پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 135.89 پوائنٹس کی کمی سے 48868.27 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 181.83 پوائنٹس کی کمی سے 99975.86پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 245.20 پوائنٹس کی کمی سے 237568.77پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت5.72فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 38 کروڑ 37لاکھ 46ہزار 590حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر500کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 223کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں اضافہ ،226میں کمی اور 51 میں استحکام رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments