گیٹز فارما:دوسرا پلانٹ بھی عالمی ادارہ صحت سے پری کوالیفائیڈ
ملکی ادویات پرعالمی اعتماد میں اضافہ، برآمدات کے مواقع پیدا ہونگے ، خالد محمود
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان کی معروف دوا ساز کمپنی گیٹز فارما کے دوسرے پیداواری یونٹ استولا مینوفیکچرنگ پلانٹ کو بھی عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی پری کوالیفکیشن مل گئی، جس کے بعد کمپنی کے دو پیداواری پلانٹس کو عالمی معیار کی منظوری حاصل ہوچکی ہے ۔ اس اہم کامیابی کا اعلان گیٹز فارما کے ایگزیکٹو چیئرمین خالد محمود نے کراچی میں ڈاکٹروں، سرجنز اور طبی ماہرین کی موجودگی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خالد محمود نے کہا کہ یہ کامیابی صرف گیٹز فارما نہیں بلکہ پاکستان کی پوری دوا ساز صنعت کیلئے اہم سنگ میل ہے ، جس سے پاکستانی ادویات پر عالمی اعتماد بڑھے گا اور برآمدات کے نئے مواقع پیدا ہونگے ۔
انہوں نے بتایا کہ کمپنی کے پہلے پیداواری پلانٹ کو 2017 میں عالمی ادارہ صحت کی پری کوالیفکیشن ملی تھی، جبکہ استولا پلانٹ کو 2 نومبر 2026 کو یہ اعزاز ملا۔ خالد محمود کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی پری کوالیفکیشن کے ذریعے ادویات کی تیاری کے طریقہ کار، گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹسز، کوالٹی کنٹرول، کوالٹی ایشورنس اور حفاظتی معیارات کی بین الاقوامی سطح پر جانچ اور تصدیق ہوتی ہے ۔ گیٹز فارما اس وقت 45 سے زائد ممالک کو ادویات برآمد کررہی ہے ۔ دوسرے پلانٹ کی منظوری سے مزید عالمی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوگی۔ کمپنی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ذیشان احمد نے کہا کہ دوسرے پیداواری یونٹ کو عالمی ادارہ صحت کی پری کوالیفکیشن ملنا پاکستان کی دوا ساز صنعت کیلئے غیر معمولی کامیابی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments