سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام پر اتفاق

سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام پر اتفاق

مفاہمتی یادداشت پر دستخط،فنڈ کا ابتدائی حجم کئی سو ملین ڈالر رکھنے کی تجویز فنڈ کی 75فیصد سرمایہ کاری پاکستان اور 25فیصد سعودی عرب میں ہوگی

کراچی (بزنس ڈیسک) سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل (ایس پی جے بی سی)نے سعودی-پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ۔ تقریب میں دونوں ممالک سے کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے کونسل کے شریک چیئرمین اور فاطمہ گروپ کے چیئرمین فواد مختار ورچوئلی شریک ہوئے ۔ تقریب میں دی بینک آف پنجاب کے صدر و سی ای اوظفر مسعود، حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر و سی ای او ناصر سلیم، فیصل بینک لمیٹڈ کے صدر و سی ای او یوسف حسین اور اسماعیل انڈسٹریز لمیٹڈ کے ڈائریکٹر مقصود اسماعیل شامل تھے ۔ لیک سٹی گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر گوہر اعجاز، بیسٹ وے گروپ کے چیئرمین لارڈ ضمیر چوہدری، اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے صدر و سی ای او جاوید اقبال بھی ورچوئلی شریک ہوئے ۔سعودی عرب کی جانب سے تقریب میں ایس پی جے بی سی کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود ودیگرنے شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت میں فنڈ کا ابتدائی حجم کئی سو ملین رکھنے کی تجویز دی گئی جبکہ تمام شعبوں میں دستیاب مواقع کی بنیاد پر اسے آئندہ کہیں بڑے فنڈ کی شکل دینے کا ارادہ ہے ۔ سعودی اور پاکستانی نجی سرمایہ کار فنڈ میں مساوی حصہ ڈالیں گے جبکہ فنڈ کا 75 فیصد پاکستان اور 25 فیصد سعودی عرب کے منصوبوں میں لگایا جائے گا۔

فنڈ تیزی سے ترقی کرنے والے نجی کاروباروں میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے جن میں زراعت، کان کنی، اور تعمیرات سمیت دیگر صنعتیں شامل ہیں۔ فنڈ حکومتِ پاکستان کے لینڈ بینک کو منیٹائز کرنے کے پروگرام سے سامنے آنے والے تجارتی منصوبوں کا بھی جائزہ لے گا جن میں ہوائی اڈوں اور موٹرویز کی ترقی، اور بندرگاہوں و بحری شعبے کی ترقی شامل ہے ۔مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں جانب کے اداروں کو فنڈ مینجمنٹ کمپنی کی ایکویٹی میں شراکت کی دعوت دی جا سکے گی۔شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کہا کہ مملکتِ سعودی عرب اور پاکستان دوستی اور برادرانہ رشتوں کے ایسے بندھن میں بندھے ہیں جو کسی بھی معاہدے سے کہیں زیادہ گہرا ہے ۔یہ رشتہ جذبے کے اعتبار سے ہمیشہ مضبوط رہا ہے ،یہ فنڈ اسے اتنی ہی مضبوط تجارتی بنیاد فراہم کرے گا۔پاکستان مملکت کا فطری شراکت دار ہے اور سعودی سرمایہ کار ایسے شراکت داروں اور منڈیوں کی تلاش میں ہیں جہاں وہ اعتماد کے ساتھ ترقی کرسکیں۔عارف حبیب نے کہا کہ یہ فنڈ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پر اعتماد کا اظہار ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...