پی ایچ اے میں ملازمین کی کمی ، پارکس ، گرین بیلٹس تباہی کا شکار

پی ایچ اے میں ملازمین کی کمی ، پارکس ، گرین بیلٹس تباہی کا شکار

روزانہ کی بنیاد پر نگہداشت نہ ہونے سے قیمتی پودے گھاس اور درخت بھی تباہ، حکام نئے ملازمین کی تعیناتی اور بھرتیوں میں غیر سنجیدہ ، نئی بھرتیوں ،فنڈز کی کمی کے حوالے سے متعدد بار نوٹسز ارسال کئے لیکن کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا،ترجمان پی ایچ اے وسیم عباس

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)پی ایچ اے کے پاس ملازمین کی کمی کی وجہ سے شہر بھر کے متعدد پارکس اور گرین بیلٹس تباہی کا شکار بن گئے ۔ پارکوں اور گرین بیلٹس کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے نئے ڈیلی ویج ملازمین کی بھرتی کے متعدد بار جاری کئے گئے احکامات پر بھی عمل درآمد نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد پی ایچ اے کو عرصہ دراز سے ملازمین کی کمی کا سامنا ہے ۔ ملازمین کی کمی کی وجہ سے شہر بھر کے بیشتر پارکس کی نگہداشت نہ ہونے کی وجہ سے پارکس خستہ حال اور بدحالی کا شکار بن چکے ہیں۔ پارکوں کی روزانہ کی بنیاد پر نگہداشت نہ ہونے کی وجہ سے ان میں لگائے گئے قیمتی پودے گھاس اور درخت بھی تباہ ہو کر انتظامیہ کی غفلت کی عکاسی کر رہے ہیں اس کے علاوہ ملازمین کی کمی اور روزانہ کی بنیاد پر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے شہر کی متعدد گرین بیلٹس قبضہ مافیا کے شکنجے میں بھی آچکی ہے ۔ گرین بیلٹس پر قبضہ مافیا کی جانب سے قبضہ جمانے اور دکانیں قائم ہونے کی وجہ سے گرین بیلٹس پودوں کے بجائے کچرا سٹینڈ اور مارکیٹوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ ڈیوٹی پر موجود پی ایچ اے کے ملازمین کی جانب سے حکام کو متعدد بار درخواستیں جمع کروائی گئی کہ مزید ملازمین کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے لیکن حکام نئے ملازمین کی تعیناتی اور بھرتیوں میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ملازمین کی کمی کی وجہ سے ڈیوٹی پر موجود ملازمین کو کئی کئی افراد کا اضافی کام بھی کرنا پڑتا ہے جبکہ حکام فنڈز کی کمی کا جواز پیش کر کے حالات سے بری الزمہ ہو جاتے ہیں۔اس معاملے پر ترجمان پی ایچ اے وسیم عباس کہتے ہیں ملازمین کی نئی بھرتیوں اور فنڈز کی کمی کے حوالے سے پنجاب حکومت کو متعدد بار نوٹسز ارسال کئے جاچکے ہیں لیکن حکام کی جانب سے کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔ جیسے ہی اعلیٰ حکام کی جانب سے احکامات جاری ہونگے تو ملازمین کی بھرتیوں کیلئے اقدامات اٹھائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں