زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تربیتی ورکشاپ کاافتتاحی سیشن

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تربیتی ورکشاپ کاافتتاحی سیشن

ماہرین کسانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوششیں بروئے کارلائیں،ڈاکٹراقرار

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے زرعی ماہرین پر زور دیا کہ وہ زرعی پیداوار بڑھانے اور کاشتکاروں بلخصوص چھوٹے کسانوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائیں تاکہ نچلی سطح پر غربت کے خاتمے اور فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے ۔اس امر کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں محکمہ زراعت پنجاب (ریسرچ ونگ) کے لئے مالیاتی، انتظامی انتظام اور ای گورننس پر چار ہفتے پر مبنی پانچویں تربیتی ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ ورکشاپ کا انعقاد آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیراہتمام کیا گیا جس میں محکمہ زراعت کے پچاس سے زائد زرعی ماہرین کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیت دی جائے گی۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود ہم 10ارب روپے مالیت کی اشیا ضروریہ درآمد کر رہے ہیں ۔ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے کہا کہ پاکستان کی ساٹھ فیصد سے زیادہ آبادی زراعت کے شعبے سے منسلک ہے جس کو جدید خطوط سے ہم آہنگ کرتے ہوئے دیہی معیشت کو بہتر کیا جا سکتا ہے ۔ اس موقع پر ڈین ایگریکلچر ڈاکٹر امان اللہ ملک اور ایوب ایگریکلچر ریسرچ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر قمر شکیل بھی موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں