’’بارشیں ،قیمتوں میں اضافہ،ضلع میں 70فیصدبھٹے بند‘‘

’’بارشیں ،قیمتوں میں اضافہ،ضلع میں 70فیصدبھٹے بند‘‘

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا کوئلے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور بارشوں کی وجہ سے ضلع میں 70فیصد بھٹے بند ہو چکے ہیں۔

بھٹہ مالکان انتہائی پریشان حال ہیں جبکہ حکومت نے سیلز ٹیکس کی تلوار سروں پر لٹکا دی ہے ۔مالکان کے پاس اپنے گھر چلانے اور مزدوروں کو تنخواہیں دینے کے بھی پیسے نہیں ہیں سیلز ٹیکس کہاں سے دیں۔وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھٹہ سیکٹر کو آفت زدہ انڈسٹری قرار دے کر 5سال کیلئے ہر قسم کے ٹیکسز سے استثنیٰ دیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملکھانوالہ سیکٹر کے صدر چودھری عثمان چیمہ کے ڈیرے پر مالکان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چودھری امین باجوہ، چودھری مزمل چیمہ، خضر سرویا، چودھری افضل کجلا ، چودھری امین سرویا، فصیح الرحمن باجوہ، شمشاد ساہی، سوغات خان، عدنان رحمانی، میاں وقاص، عمر ساہی، فاروق چیمہ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا ملک کی بہتری کی خاطر مزید ٹیکس دینا چاہتے ہیں لیکن ان کے ساتھ بھی تعاون کیا جائے ۔ سیکٹر صدر چودھری عثمان چیمہ نے کہا بھٹوں پر لاکھوں کی تعداد میں کچی اینٹیں پڑی تھی جو بارشوں نے تباہ کر دیں۔ہر بھٹہ مالک کو 25سے 30لاکھ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں