فیصل آباد پارکنگ کمپنی مسائل کے حل میں ناکام

فیصل آباد پارکنگ کمپنی مسائل کے حل میں ناکام

فیصل آباد(قمر ارشادسے )فیصل آبادپارکنگ کمپنی شہرمیں پارکنگ کے مسائل حل کرنے میں ناکام نظرآنے لگی نہ ہی پارکنگ کے حوالے سے مستقل پالیسیاں بنائی جا سکیں ۔

شہر میں پارکنگ کا نظام درہم برہم ہونے سے شہری پریشانی سے دوچار ہونے لگے ،مین روڈز،مارکیٹس،گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھوں بازاروں سمیت شہر کی متعدد مارکیٹس میں پارکنگ کا موثر انتظام نہ ہونے کے باعث موٹرسائیکلوں، گاڑیوں اور رکشوں کے پارک ہونے سے مارکیٹس اور روڈ تنگ پڑ گئے جس کے باعث شہریوں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سارا دن ٹریفک بھی جام رہنے لگا ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی آبادی بڑھتی چلی جارہی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک اور پارکنگ میں مسائل بڑھ چکے ہیں، فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے پاس کسی قسم کا ماسٹر پلان نہیں ہے ، اگر انتظامیہ احسن طریقے سے اس مسئلے کی طرف رخ کرے تو مسائل ختم ہو سکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ پارکنگ ٹھیکہ مافیا بھی اس مسئلے کی بہت بڑی وجہ ہے ، انتظامیہ پرائیویٹ پارکنگ کا ٹھیکہ دے کر ان سے پیسے وصول کرتی ہے اور پرائیویٹ پارکنگ مافیا شہریوں سے گاڑی کی پارکنگ کے لیے منہ مانگے دام لیتے ہیں ۔مین سرکلر روڈ پر پرائیویٹ پارکنگ کمپنی کار کے 100 سے 150 تک لے رہے ہیں لیکن انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔

مارکیٹس میں تاجر اور دکاندار بھی پارکنگ مسائل کا رونا روتے ہیں کہتے ہیں کہ پارکنگ کا مخصوص پلان نہ ہونے کے باعث بازاروں میں پارک کی ہوئی گاڑیوں کا رش لگا ہوتا ہے جس سے انکے کاروبار پر بھی اثر پڑتا ہے معاملے پرفیصل آباد پارکنگ کمپنی کے ایڈیشنل انچارج عامر ذیشان کا کہنا تھا کہ بازاروں میں پارکنگ کا مسئلہ تجاوزات کی بھرمار کی وجہ سے آتا ہے اگر متعلقہ انتظامیہ تجاوزات ہٹوا دے تو پارکنگ کے مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں