ٹیکس نظام کی اصلاح کیلئے ہرممکن اقدامات جاری:آصف جاہ

 ٹیکس نظام کی اصلاح کیلئے ہرممکن اقدامات جاری:آصف جاہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام کی اصلاح اور ٹیکس حکام کی بے ضابطگیوں کے سدباب کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔۔۔

جبکہ ٹیکس دہندگان کی جائزشکایات کے فوری اندراج اور بروقت ازالہ کیلئے فاسٹ ٹریک سسٹم متعارف کروایا گیا ہے تاکہ شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جا سکے ۔ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن میں ممبران سے خطاب کرتے انہوں نے کہاٹیکس نظام سے متعلقہ مسائل کے فوری حل کیلئے جامع اور مربوط نظام کے نفاذ پر کام جاری ہے جس کا فائدہ ٹیکس پئیرز کو ہوگا۔ا یکسپورٹرز کو ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے تجاویز کی دعوت دیتے انہوں نے کہا ایکسپورٹرز ملکی معیشت کا اہم جزو ہیں ان کی مثبت تجاویز کی روشنی میں اقدامات کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے دورہ پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے کہا وفاقی ٹیکس محتسب آفس کی تاریخ میں پہلی بار گزشتہ سال ریکارڈ 7ہزار سے زائد کیس داخل ہوئے جن میں سے 6500کیس حل کئے گئے جبکہ 90فیصد کیسوں میں ٹیکس دہندگان کو ریلیف دیا گیا۔ وہ صرف مسائل کا حل ہی نہیں کرتے بلکہ اُن پر عمل درآمد تک اپنے فیصلوں پر پہرہ بھی دیتے ہیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے بزنس کمیونٹی کے اجتماعی مسائل کی نشاندہی کی اور کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار کو نمایاں کرنے کیلئے تسلسل کے ساتھ آگاہی سیمینار کئے جائیں۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نائب صدر حاجی اسلم بھلی، سابقہ صدر مزمل سلطان، سابقہ سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود، ایگزیکٹو ممبر حاجی گلزار ، غلام حسین اورسہیل بٹ بھی موجود تھے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں