واسا نے ہٹ دھرمی کی انتہا کردی،مسلسل پانچویں ماہ صارفین کو سیوریج کے زائد بل بھجوا دیئے

واسا نے ہٹ دھرمی کی انتہا کردی،مسلسل پانچویں ماہ صارفین کو سیوریج کے زائد بل بھجوا دیئے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)واسا نے ہٹ دھرمی کی انتہا کردی۔مسلسل پانچویں ماہ صارفین کو سیوریج کے زائد بل بھجواا دیئے گئے جس پر غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔۔

مالی بحران کا شکار واسا سیوریج صارفین بڑھانے کے بجائے موجودہ صارفین کو ہی دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے ۔ جنوری 2023 میں واسا کی جانب سے بغیر سروے سنگل سٹوری گھروں کے مالک صارفین کو ڈبل سٹوری گھر کے مطابق دو گنا بل بھجوا دیئے گئے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ صارفین کی جانب سے متعدد بار بلوں کی درستگی کرانے کے باوجود محکمے کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کمپیوٹر میں ریکارڈ اپڈیٹ نہیں کیا جاتا جس پر ہر ماہ صارف کو گزشتہ تمام مہینوں کا بل جمع ہو کرآ جاتا ہے اور ایک بار پھردرستگی کی کوفت سے گزرنا پڑتا ہے ۔ دوسری جانب ایم ڈی واسا نے معاملے پر چپ سادھ رکھی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مالی مسائل کا شکار واسا اپنے اخراجات موجودہ صارفین سے پورے کرنے پر تلا ہوا ہے جس کے لئے ہر جائز و ناجائز طریقہ استعمال کیا جا رہا ہے ، حکام کی جانب سے ریونیو میں اضافہ کے لئے  بلوں کی درستگی  کرانے کے باوجود اگلے ماہ غیر تصحیح شدہ بل سابقہ تمام مہینوں کے واجبات جمع کرکے بھیج دیئے جاتے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان واسا کے مطابق بل درستگی کے بعد متعلقہ دفتر کی جانب سے ہیڈ آفس میں آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو ریفر کرنا ہوتا ہے جسکے بعد بل کی درستگی ہو سکتی ہے ریونیو افسر غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں جن کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں