سی ٹی سکین ٹیسٹ غریب کی پہنچ سے دور ، 3200 روپے کا انجکشن 27 ہزار میں بلیک ، مریض پریشان
فیصل آباد(بلال احمد سے )سی ٹی سکین کنٹراسٹ ٹیسٹ کروانا غریب آدمی کی پہنچ سے دور، ٹیسٹ کے لیے استعمال ہونے والا 3200 روپے کا انجکشن قلت کے باعث 27ہزار میں بلیک میں فروخت ہونے لگا۔
دماغ سمیت مختلف امراض کی تشخیص کے لیے کیا جانے والا سی ٹی سکین ٹیسٹ غریب کی سکت سے باہر ہوگیا۔ ابتدائی طور پر 1800روپے تک ملنے والے انجکشن کی قیمت بڑھ کر سرکاری سطح پر3200ہوئی جسکے بعد عدم دستیابی پر مارکیٹ میں انجکشن 8 ہزار میں فروخت ہونے لگا۔ تاہم اب مارکیٹ میں بھی انجکشن کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کے بعد بلیک میں فروخت کرنے والوں کی چاندی ہوگئی ہے ۔ بے رحم منافع خور دونوں ہاتھوں سے شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ جن کے خلاف محکمہ صحت نے بھی خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ پریشان حال مریضوں کا کہنا ہے کہ بھاری رقم دیکر ٹیسٹ کروانا ممکن نہیں رہا۔ مہنگائی میں حکومت کا صحت نظام سے کھلواڑ اور نظرانداز کر نا بیماری میں اذیت مزید بڑھا رہا ہے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں انجکشن دستیابی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے جس سے مسلسل غفلت برتی جا رہی ہے ۔ ہسپتالوں میں سٹی سکین کیلئے فلموں کی قلت کا مسئلہ بھی برقرار ہے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ظفراقبال کا کہنا ہے کہ مذکورہ انجکشن خریداری سنٹرلائزڈ پرچیز سسٹم کے تحت صوبائی سطح پر کی جاتی ہے ۔ مسئلہ حل کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔