سوشل سکیورٹی مراکزپر ڈاکٹر ،ڈسپنسر غیر حاضر ،دونوں معطل
کمشنر سوشل سکیورٹی کا گڑھی شاہو اور ٹاؤن شپ مراکزکادورہ،رپورٹ بھی طلب
لاہور(خبر نگار)کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی ذوالفقار کھرل نے بنیادی مراکز صحت گڑھی شاہو اور ٹاؤن شپ کا اچانک دورہ کیا اور طبی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ معائنہ کے دوران سوشل سکیورٹی مراکز پر ڈاکٹر اور ڈسپنسر غیر حاضر پائے گئے جس پر کمشنر نے فوری کارروائی کرکے دونوں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے اور میڈیکل ایڈوائزر سے مکمل رپورٹ بھی طلب کر لی ۔کمشنر نے مراکز صحت میں ادویات سٹاک، صفائی اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے واضح ہدایات دیں کہ ورکرز کو علاج معالجہ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے گڑھی شاہو سوشل سکیورٹی مرکز صحت کی خستہ حالی کانوٹس لیکر مرمتی کام فوری شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔دورے میں مرکز صحت ٹاؤن شپ سے بیمار بچے کو بہتر علاج کیلئے نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال ریفر کیا گیا۔ کمشنر نے ایم ایس نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال کو ریفرل مریضوں کا مکمل فالو اپ یقینی بنانے کی ہدایت دیتے کہا ورکرز کی سہولت کیلئے ریفرل سسٹم کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ مریضوں کابروقت علاج ہو سکے ۔کمشنر نے مراکز صحت میں موجود ورکرز اور انکے اہلخانہ سے ملاقات پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ورکرز کو انکی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائینگی ،غیر ذمہ دار افسروں اور ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔