حکومت، اپوزیشن مشروط مذاکرات نہ کریں:جماعت اسلامی
بدل دو نظام کا اگلا لائحہ عمل جلد:لیاقت بلوچ،عوام ساتھ دیں:جاوید قصوری
لاہور (سیاسی نمائندہ)نائب امیر جماعت اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کریں، پیشگی شرائط عائد نہ کریں،مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومتوں کے ذریعے صوبائی تعصبات کا کھیل نہ کھیلیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لالہ موسیٰ گجرات میں امیر صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم کے ہمراہ اجتماعِ عام سے خطاب میں کیا اور ضلعی ذمہ داران سے مشاورت میں گفتگو کرتے کہا 30 دسمبر کو پنجاب بھر کے صوبائی،حلقہ جات اور ضلعی ذمہ داران کے گرینڈ کنونشن میں بدل دو نظام کے اگلے مراحل کا لائحہ عمل تیار کیاجائیگا۔لیاقت بلوچ نے خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کی پنجاب آمد پر کہا کہ صوبوں میں وزرائے اعلیٰ، سیاسی قیادت کو آزادانہ نقل و حرکت اور آئین،قانون، جمہوری روایات کی پابند سیاسی سرگرمیوں کا حق ہے ،صوبائی حکومتیں غیرقانونی، غیرجمہوری رکاوٹیں کھڑی نہ کریں ۔ دریں اثناامیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اداروں کی مسلسل تباہ حالی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس ملک چلانے کیلئے اہلیت نہیں۔ منافع بخش قومی اداروں کو اونے پونے فروخت کرنا دراصل قومی اثاثوں کی لوٹ مار کے مترادف ہے ۔ یہ نجکاری عوامی مفاد میں نہیں بلکہ مخصوص طبقے کو فائدہ پہنچانے کیلئے کی جا رہی ہے ، جسکا خمیازہ عام شہری کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ عوام نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کر کے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔