غیرمعیاری لیمن سوڈا کی تیاری ، بیماریاں عام

غیرمعیاری لیمن سوڈا کی تیاری ، بیماریاں عام

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )موسم تبدیل ہوتے ہی غیر معیاری لیمن سوڈا کی تیاری عروج پر پہنچ گئی مضر صحت مشروب کی تیاری اور فروخت کی روک تھام کے لیے اقدامات نہ ہوسکے پنجاب فوڈ اتھارٹی خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے ۔

شہر بھر کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری مشروبات کی تیاری جاری ہے غیر معیاری مشروبات کی تیاری میں فوڈ گریڈ کلرز کی بجائے ٹیکسٹائل کلرز کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ لیمن سوڈے کے نام پر سکرین اور کیمیکلز کا استعمال کرکے زنگ آلود مشینوں کے ذریعے مضر صحت مشروب تیار کیا جاتا ہے ۔لیمن سوڈا شربت بزور صندل الائچی بادام اور سکواش سمیت مختلف غیر معیاری ناقص اور مضر صحت مشروبا ت کے درجنوں کارخانے موجود ہیں ان کارخانوں میں صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہوتے ہیں ،کام کرنے والے کاریگروں نے نہ تو کوئی ٹوپی یا دستانے پہنے ہوتے ہیں اور نہ ہی ان ملازمین کا میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ موجود ہوتا ہے ماہرین صحت کے مطابق ٹیکسٹائل کلرز کے استعمال زنگ آلود مشینوں اور سکرین کے ذ ریعے بننے والے مشروبات انسانی صحت پر انتہائی مضر اثرات مرتب کرتے ہیں ایسے مشروبات کے استعمال سے پیٹ اور انتڑیوں میں انفیکشن سوجن شدید پیٹ درد گیسٹرو اور ڈائر یا جیسی بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں غیر معیاری مشروبات سے شہریوں کی زندگیاں دائو پر لگ جاتی ہیں لیکن پنجاب فوڈ اتھارٹی خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے رواں برس پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے تاحال ایک بھی کارر وائی نہیں کی گئی تاہم ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی قاسم کاکہناہے کہ کارخانوں کی لسٹ موجود ہے جلد بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کردی جائیں گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں