یوٹیلیٹی سٹورز کی سہولت انکم سپورٹ پروگرام کارڈ ہولڈرز تک محدود،اشیا کی قیمتیں مارکیٹ سے زیادہ

یوٹیلیٹی سٹورز کی سہولت انکم سپورٹ پروگرام کارڈ ہولڈرز تک محدود،اشیا کی قیمتیں مارکیٹ سے زیادہ

فیصل آباد(عبدالباسط سے )یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن حکام کی ناقص حکمت عملی، غفلت کی وجہ سے سبسڈی اور ریلیف صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈ ہولڈرز تک محدود ہوکر رہ گیا۔

 محدود مقدار میں سبسڈائزڈ قیمتوں پر گھی، چینی، دالوں، چاول اور آٹے کی فراہمی صرف بی آئی ایس پی کارڈ ہولڈرز کو دی جانے لگی۔ جبکہ سستے داموں خریداری کی امید لئے دور دراز سے آنے والے شہری اشیا خورونوش میسر نہ آنے اور بیشتر اشیا کی قیمتیں اوپن مارکیٹ سے بھی زائد ہونے کی وجہ سے مایوس واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ جبکہ حکام اشیا خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے اور شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے سامان کی متواتر اور بلاتعطل سپلائی کی بجائے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ چند ایک اہم یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا خورونوش کی محدود مقدار میں سپلائی دے دی جاتی ہے لیکن دیگر سٹورز پر سامان کی سپلائی نہ پہنچنے سے شہری حصول میں ناکام رہتے ہیں۔ بی آئی ایس پی کارڈ ہولڈرز کو بھی ماہانہ محدود مقدار میں فی گھرانہ سامان فراہم کیا جاتا ہے ۔محکمہ کے افسروں کی جانب سے مبینہ طور پر اپنے منافع کیلئے پہلے مارکیٹ کی نسبت مہنگی اشیا خرید لی جاتی ہیں اور بعد میں مارکیٹ سے بھی مہنگی قیمتیں مقرر کردی جاتی ہیں۔ جس کا نقصان ادارے کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔ شہری اوپن مارکیٹ سے خریداری کو ترجیح دیتے ہیں زونل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز کہتے ہیں کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے محکمہ مصروف عمل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں