سوئی گیس کمپنی امیروں پر مہربان ، غریبوں کیلئے انتظار ، ہاؤسنگ کالونی کو 1500 سے زائد کنکشن دینے کا فیصلہ

سوئی گیس کمپنی امیروں پر مہربان ، غریبوں کیلئے انتظار ، ہاؤسنگ کالونی کو 1500 سے زائد کنکشن دینے کا فیصلہ

فیصل آباد(بلال احمد سے )سوئی گیس کمپنی کی امیروں پر مہربانیاں، غریبوں کے لیے انتظار تحفہ، فیصل آباد میں نجی ہاؤسنگ کالونی کو مہنگے داموں آر ایل این جی پر 1500 سے زائد نئے کنکشن دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

عام گھریلو صارفین کے لیے نئے کنکشن بندش کو تقریباً 4 سال ہو چکے ۔ 2019 سے 3 لاکھ زیر التواء درخواستوں پر کنکشن نہیں لگائے جا رہے جسکی وجہ ملکی سطح پر گیس قلت اور وفاقی حکومت کے احکامات بتائی جاتی ہے تاہم فیصل آباد میں سرگودھا روڈ پر نجی ہاؤسنگ کالونی پر مہربانیاں کی جا رہی ہیں جہاں ذرائع کے مطابق 1500 نئے کنکشن آر ایل این جی کے ریٹ پر دیئے جائینگے ،24 گھنٹے گیس فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ حکام کی اس تفریق کو صارفین نے آڑے ہاتھوں لیتے کہا ہے کہ سالہا سال سے ڈیمانڈ نوٹس جمع کرانے کے باوجود انہیں گیس کنکشن نہیں دیا جا رہا۔ ایندھن کے دیگر متبادل مہنگے ذرائع استعمال پر مجبور ہیں حکومت کا من پسند افراد کو نوازنا افسوسناک ہے ۔ پہلے سے گیس کنکشن استعمال کرنے والے صارفین نے بھی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے کہا ہے کہ 8گھنٹے گیس فراہمی کا کہہ کر دو سے تین گھنٹے دی جاتی ہے ،پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ کھانا بنانا ممکن نہیں مہنگا کھانا خرید کر کھاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے گیس کنکشن کیلئے یکساں سلوک کرنے کامطالبہ کیا ۔ دوسری جانب ترجمان ریجنل سوئی گیس آفس ایم راشد کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ کالونی کو آر ایل این جی کے دام پر کنکشن ملیں گے ۔ نئی حکومت آ نے پرامید ہے شہریوں کے معمول کے کنکشن بھی جلد ہی بحال ہو جائینگے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں