اولاد نہ ہونے پر سنگدل شوہر کا خاتون کو حبس بے جا میں رکھ کر تشدد

اولاد نہ ہونے پر سنگدل شوہر کا خاتون کو حبس بے جا میں رکھ کر تشدد

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)اولاد نہ ہونے اور مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کے شبہ میں سنگدل شوہر نے اہلیہ کو گھر میں حبس بے جا میں رکھتے ہوئے بدترین تشدد کانشانہ بنادیا۔

ہمسائیوں کی جانب سے نشاندہی کئے جانے پر پولیس نے کارر وائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو بازیاب کرواتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔تھانہ وویمن میں مقدمہ کااندراج کرواتے ہوئے 80 مربع کی رہائشی نسیم اختر نامی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملزم قاسم سے 7 سال قبل شادی ہوئی تھی بعد ازاں ملزم کی جانب سے دوسری شادی بھی کرلی گئی۔ اس دوران ملزم کی جانب سے اسے اولاد نہ ہونے اور مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کا الزام لگاتے ہوئے آئے روز تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ اس دوران ملزم کی جانب سے خاتون کو گھر میں حبس بے جا میں رکھتے ہوئے ہراساں و پریشان بھی کیا گیا۔ متاثرہ خاتون کی جانب سے ہمسائیوں کی مدد سے تشدد سے متعلق ویڈیو بنواکر پولیس کو آگاہ کیا گیا ۔ جس پر پولیس تحفظ سینٹر کی انچارج انسپکٹر گلناز کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کار روائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو بازیاب کرواتے ہوئے ملزم کو بھی موقع سے گرفتار کرلیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں