بسوں میں آگ سے بچاؤ کا کوئی نظام نہیں ، مسافر غیر محفوظ

بسوں    میں    آگ    سے    بچاؤ   کا    کوئی    نظام    نہیں    ،   مسافر    غیر   محفوظ

فیصل آباد(بلال احمد سے )موٹروے سمیت شہر کے اندر اور باہر چلتی پبلک ٹرانسپورٹ میں شامل بسیں اور ویگنیں موت بانٹنے لگیں۔

آگ بجھانے کا نظام اور گیس سلنڈر کی عدم موجودگی پر سفر غیرمحفوظ ہوگیا۔ گرمی میں شارٹ سرکٹ سمیت دیگر وجوہات نے گاڑیوں میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ کردیا ۔فیصل آباد میں محکمہ سول ڈیفنس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث روزانہ کی بنیاد پر دیگر شہروں کو سفر کرنے والے ہزاروں افراد کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہیں۔ ایس او پیز کے مطابق کسی بھی طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ میں آگ بجھانے کے لیے حفاظتی طور پر فائر ایکسٹنگشرہونا لازم ہے جبکہ فرسٹ ایڈ باکس کی دستیابی بھی یقینی بنانے کی ہدایت ہے جس کی شہر بھر میں قائم سرکاری اور نجی بس اڈے دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ سوائے چند ایک گاڑیوں کے کسی بھی بس یا ویگن میں آگ لگنے کی صورت میں آتشزدگی پر قابو پانی کا کوئی ذریعہ ہی موجود نہیں۔ گزشتہ روز بھی موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب چلتی مسافر بس میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جبکہ تک ریسکیو کی امدادی ٹیمیں پہنچیں، گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔ حکام کی غفلت پر مسافروں کا پارہ بھی چڑھ گیا ہے جن کا کہنا ہے کہ تیز رفتار گاڑی میں آتشزدگی کی صورت میں بچاو کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے ایسی صورتحال میں گاڑیوں کے اندر آگ بجھانے کے نظام کی عدم موجودگی حکام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ آئے روز پیش آنے والے حادثات سے بچاو کے لیے گاڑیوں کے مالکان کا قبلہ درست کیا جائے تاکہ مسافروں کا سفر محفوظ ہوسکے ۔ گاڑیوں کو محفوظ بنانے کے ذمہ دار ادارے ملبہ ایک دوسرے پر ڈال کر بری الزمہ ہو رہے ہیں۔ سول ڈیفنس آفیسر رانا عباس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں گیس سلنڈر کی دستیابی اور فعال یقینی بنانا ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے جبکہ سیکرٹری آر ٹی اے طارق محمود گل کا دعویٰ ہے کہ گیس سلنڈرز کی عدم موجودگی پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور گاڑی مالکان کو ہر میٹنگ میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات بھی کی جاتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں