الائیڈ ہسپتال ٹو :نرسنگ سپرنٹنڈنٹ پر رشوت لینے کے الزامات

الائیڈ ہسپتال ٹو :نرسنگ سپرنٹنڈنٹ پر رشوت لینے کے الزامات

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال ٹو میں نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے مبینہ رشوت اور تحفوں کے عوض من پسند سٹاف کو نوازنے کا انکشاف، نائٹ شفٹ کی تبدیلی سمیت پسندیدہ سٹاف کو نوازنے پر نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے خلاف سیکرٹری ہیلتھ کو درخواست ارسال کردی گئی۔

 تفصیلات کے مطابق الائیڈ ہسپتال ٹو میں چارج نرسز کی جانب سے نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نرگس پروین پر الزامات کی بوچھاڑ کردی گئی ہے ، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو ارسال درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے سٹاف کے درمیان گروپ بندی کروائی گئی ہے ، من پسند سٹاف کی من چاہی ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں اور ان سے نذرانے بھی وصول کیے جاتے ہیں۔ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نے قریبی سٹاف نرسوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور انہیں تقسیم کرکے آپس میں لڑائی جھگڑے کروائے جاتے ہیں ۔انہوں نے سیکرٹری ہیلتھ سے درخواست کی ہے کہ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے خلاف فوری طور پر تمام معاملات کی انکوائری کروائی جائے اور انہیں تبدیل کیا جائے ۔ دوسری جانب ایم ایس الائیڈ ہسپتال ٹو ڈاکٹر ظفراقبال کا کہنا ہے کہ این ایس ڈاکٹر نرگس پروین دو سال سے فرائض سرانجام دے رہی ہیں ایک ہی وقت میں تمام سٹاف کی مرضی کے مطابق فیصلے نہیں ہوسکتے ، انہوں نے نرسنگ سپرنٹنڈنٹ پر الزامات کی تردید کر دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں