پارکو پائپ لائنوں سے تیل چوری جاری

پارکو پائپ  لائنوں  سے  تیل  چوری  جاری

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ضلع بھر کے مختلف تھانوں کے علاقوں میں کئی فٹ گہری زیر زمین بچھائی گئی پارکو پائپ لائنوں سے تیل چوری کے واقعات نہ تھم سکے ۔

 پارکو اور ضلعی پولیس حکام تیل چوری کے واقعات کی روک تھام میں مکمل ناکامی کا شکار ہیں۔ پارکو لائن ایریا کے تھا نوں میں مبینہ طورپر اثرورسوخ کا استعمال کرتے ہوئے تعیناتیاں کروانے کے بعد تیل چوری کرنے والے گروہوں کو مبینہ طورپر پشت پناہی حاصل ہو نے اور ان سے نذرانے وصول کئے جانے کے انکشافات بھی سامنے آ رہے ہیں ۔ افسروں اور ملازمین کی جانب سے کارروائیاں عمل میں لانے کی بجائے اپنے مفادات کو ترجیح دیئے جانے کا بھی انکشاف ہواہے ۔تھانہ ٹھیکری والا، تھانہ ملت ٹائون، تھانہ ساندل بار، تھانہ جھمرہ ، تھانہ ساہیانوالہ، تھانہ نشاط آباد کے علاقوں میں تیل سپلائی کیلئے پائپ لائنیں بچھائی گئی ہیں جن کی سکیورٹی کی ذمہ داری ناصرف پارکو سکیورٹی سٹاف پر ہے بلکہ متعلقہ تھانوں کے ذمہ بھی ہے کہ وہ تیل چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارر وائیاں بھی عمل میں لائیں گے ۔ لیکن تمام تر اقدامات اور دعوے صرف کاغذی کارر وائیوں تک ہی محدود ہیں۔ ذرائع کے مطابق تھانہ نشاط آبادکے علاقے میں ایک 600 میٹر لمبی سرنگ دریافت ہوئی تھی جو ایک ڈیرے نما احاطہ میں جاتی تھی جہاں مبینہ طورپر گاڑیاں اور آئل ٹینکرز وغیرہ کھڑے کرکے انکی چوری شدہ تیل سے فلنگ کی جاتی تھی۔ تھانہ ٹھیکری والا کے علاقے میں ماضی میں ایک پمپ بھی پکڑا گیا تھا۔ جو مبینہ طورپر ڈائریکٹ پارکو لائنوں کے اوپر بنایا گیاتھا۔ اسی طرح سے ہر تھانے کی حدود میں ملز موں کی جانب سے 4،5 مختلف مقامات پر کلمپ لگاکر تیل چوری کیا جارہا تھا۔ ماضی میں بھی حکام نے انکوائری کا آغاز کیا لیکن اعلیٰ پولیس اور دیگر محکموں کے افسروں کے مبینہ طورپر ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے پر انکوائری کو وہیں پر روک دیاگیا تھا ایسے واقعات سے ناصرف خزانے کو نقصان کا سامنا ہے بلکہ محکمانہ کارکردگی میں نقائص کھل کر سامنے آرہے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کے مطابق چوری کے واقعات کی روک تھام اور سکیورٹی بہتر بنانے کے موّثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں