جشن میلاد النبیؐ 143 جلوسوں کا سکیورٹی پلان جاری،شرکا کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل

جشن میلاد النبیؐ 143 جلوسوں  کا  سکیورٹی پلان جاری،شرکا کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر، سٹی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے کہا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کو عقیدت و احترام سے منانے اور میلاد جلوسوں کے شرکا کی سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔۔۔

 ڈویژن بھر کی ضلعی انتظامیہ کو جلوسوں کے منتظمین سے قریبی رابطہ قائم کرنے اور انہیں ضروری سہولیات کی دستیابی بھی ممکن بنائے گی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے تحت جلوسوں کے شرکا کو حلوہ اور مٹھائی بھی پیش کی جائے گی ۔ڈویژن بھر میں 6 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ ضلعی اور ڈویژنل سطح پر کنٹرول رومز بھی قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کہ ضلعی امن کمیٹیوں کے اجلاسوں کے انعقاد سے ضلعی انتظامیہ اور علماء کرام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے فوری نمٹا جا سکے ۔ علاوہ ازیں سی پی او فیصل آباد ڈی آئی جی کامران عادل کی ہدایت پر 12 ربیع الاول کے 143 جلوسوں اور 20 محافل کے لئے سکیورٹی پلان جاری کردیاگیا۔ ضلع بھر میں 143جلوس اور20محافل کی سکیورٹی کیلئے 20جی او ،10انسپکٹر،115سب انسپکٹر،503اے ایس آئی، 316ہیڈ کانسٹیبل ،3597 سے زائد کانسٹیبل و لیڈی کانسٹیبل سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔سی پی او فیصل آباد نے کہاکہ جشن عید میلادالنبیﷺ کے جلوسوں کے گردو نواح میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اورجلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جا ئے گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں