ڈینگی کنٹرول کیلئے ہاؤس کیپنگ کا عمل جاری :ڈائریکٹر لائیو سٹاک
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ڈینگی کے کنٹرول کے لئے ہاؤس کیپنگ کا عمل باقاعدگی سے جاری ہے ۔
ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے بتایا کہ ویٹرنری ڈسپنسریوں اور ویٹرنری ہسپتالوں میں مویشی پال حضرات اور عوام الناس کو ڈینگی کے کنٹرول کے حوالے سے آگاہی مہم بھی جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پانی کے چھوٹے بڑے تمام جوہڑوں کو بھی تلف کرایا گیا تاکہ ڈینگی لاروے کی افزائش کو روکا جا سکے اس کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری عمارتوں کی چھتوں کو بھی صاف کرایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈیری فارمز پر بھی اینٹی ڈینگی سپرے کا عمل جاری ہے مزید براں یہ کہ ڈینگی بخار سے بچاؤ کے حوالے سے ڈویژن بھر میں آگاہی مہم بھی جاری ہے جس میں کسان لائیو سٹاک بیٹھک، فارمر ڈیز، فیلڈ ڈیز، ہائی سکول فوکس پروگرام، موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں، موبائل ٹریننگ سکول بس، ریڈیو ٹاکس اور سوشل میڈیا کے ذریعے سکولوں کے طلباء و طالبات اور مویشی پال حضرات میں ڈینگی سے بچاؤ بارے آگاہی مہم جاری ہے ۔