الائیڈ ہسپتال ٹو،ری ویمپنگ کا منصوبہ ادھو را ،مریض پریشان

الائیڈ ہسپتال ٹو،ری ویمپنگ کا منصوبہ  ادھو را ،مریض پریشان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال ٹو میں ایمرجنسی کی ری ویمپنگ کا منصوبہ لٹک گیا۔ فنڈز میں تاخیر کے باعث کام کچھوے کی رفتار سے چلنے لگا۔ مریضوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے لیے وزیر اعلی ٰمریم نواز کا دورہ فیصل آباد بھی کسی کام نہ آسکا۔

ایمرجنسی بلاک کی ری ویمپنگ کا منصوبہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود ادھورا ہے ۔ ڈیڑھ ماہ سے منصوبے پر کام تقریبا رک چکا ہے جبکہ ٹھیکیدار کی جانب سے گزشتہ ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث مزید کام کرنے سے معذرت کرلی گئی ہے جس پر نہ صرف ہسپتال کی انتظامیہ بلکہ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے افسر بھی سر پکڑے بیٹھے ہیں۔ منصوبے کے تحت ایمرجنسی بلاک میں دوسری منزل پر میڈیکل اور تیسری منزل پر شعبہ ہڈی جوڑ کی ری ویمپنگ کی جارہی ہے جبکہ بلڈنگ کے اندر تمام منازل کے لئے بنے ریمپ کا کام بھی ہونا باقی ہے ۔ بلاک کے گراؤنڈ فلور پر مریضوں کی رجسٹریشن کے بعد سرجیکل ایمرجنسی کے لیے پہلی منزل پر بھیج دیا جاتا ہے تاہم ری ویمپنگ کے باعث لفٹ کی بندش سے لواحقین کو اپنے مریض لے جانے کے لئے ریمپ کا استعمال کرنا پڑتا ہے جو کہ ایک تکلیف دہ مرحلہ ہے ۔ اس کے علاوہ انتظامیہ نے میڈیکل ایمرجنسی پرانی لیور سنٹر کی بلڈنگ میں منتقل کردی ہے جس کے باعث نئے آنے والے مریض پہلے مرکزی بلاک آجاتے ہیں جہاں سے انہیں دوسری ایمرجنسی میں جانے کا کہہ دیا جاتا ہے جو ہسپتال کے دوسرے کونے پر واقع ہے ۔ کھینچا تانی کی اس مصیبت پر مریضوں اور لواحقین کا صبر بھی جواب دینے لگا ہے جن کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں اگر کام شروع کرلیا گیا ہے تو حکومت اسے جلد از جلد پایہ تکمیل تک بھی پہنچائے ۔ فنڈز سمیت دیگر رکاوٹوں کو دور کرنا محکمہ صحت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دو روز قبل مریم نواز نے فیصل آباد کا دورہ کیا تاہم صحت کے منصوبوں کے ساتھ ہونے والے اس مذاق کا کوئی نوٹس نہیں لیا جبکہ انتظامیہ نے بھی سب اچھا ہے کی رپورٹ دے دی۔ دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فنڈز میں مسائل کے باعث کام تعطل کا شکار ہو رہا ہے ۔ جس پر اعلیٰ حکام سے بات چیت جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں