عقیدہ ختم نبوت پر پہرہ دینا ہر مسلمان پر فرض ، ضیا اللہ شاہ بخاری

 عقیدہ ختم نبوت پر پہرہ دینا ہر مسلمان پر فرض ، ضیا اللہ شاہ بخاری

راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) ناظم اعلیٰ جمعیت اشاعت التوحید وسنت پاکستان ضیا اللہ شاہ بخاری نے کہاہے کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔۔۔

 اس پر پہرہ دینا ہر مسلمان پر فرض ہے ، محمد ؐ کے بعد کوئی نبی آنے والا نہیں ہے ،جو حضور ؐ کے بعد نبوت کا دعویٰ کرے گا وہ جھوٹا ہے دجال ہے ، قادیانیت کے حوالے سے سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا اس پر ہم اللہ تعالیٰ کا عدالت کے ساتھ ساتھ علما ئے کرام کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ قادیانی آئین پاکستان کے تحت تبلیغ کر سکتے ہیں ،اذان دے سکتے ہیں اور نہ ہی اپنے عبادت خانوں کو مساجد کا نام دے سکتے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے تعلیم القرآن راجہ بازار میں تحفظ ختم نبوت ،شہدا ئے اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے مولانا اشرف علی، مولانا چراغ الدین شاہ ،قاری عتیق الرحمن، شاہد غفور پراچہ،مولانا نذیر فاروقی، مولانا ادریس حقانی سمیت دیگر علما نے بھی خطاب کیا ۔ ضیا اللہ شاہ بخاری نے کہاکہ ہمیں مکمل سکون اس وقت ہوگا جب ملک میں قرآن و سنت کی شکل میں پورے کا پورا اسلام نافذ ہو جائے گا ۔

اگر علمائے دیوبند کی قربانیاں تحریک کے آ زادی میں شامل نہ ہوتیں تو آج پاکستان نام کا کوئی ملک وجود میں نہ ہوتا ۔انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن آج کی سیاست میں لائق صد احترام ہیں ،مولانا کی مرضی کے بغیر پارلیمنٹ سے کوئی قرارداد پاس نہیں ہوسکتی۔ اس آرمی چیف کے دور میں بھی اسلا م مضبوط ہوگا ۔ قاری عتیق الرحمن نے کہاکہ راولپنڈی میں جب بھی ختم نبوت کی تحریک کے سلسلے میں ضرورت پڑی تو تعلیم القرآن ہی ہمارا مرکز رہا ہے ۔ مولانا چراغ الدین شاہ نے کہاکہ مولانا اشرف علی کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں