ریلوے سٹیشن فیصل آباد پر عملہ بوگیوں سے سامان چوری کرکے بیچنے لگا ، اعلیٰ افسر ملوث
فیصل آباد(بلال احمد سے )ریلوے سٹیشن فیصل آباد پر عملے کی جانب سے بوگیوں سے سامان چوری کرکے کباڑ میں فروخت کرنے کا انکشاف، اعلیٰ افسروں کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کا شبہ بھی ہونے لگا۔
سپیشل برانچ کے اہلکار قمر سعید اور عامر اصغر نے سرسید ایکسپریس کی بوگی سے تانبے کے تار اور دیگر سامان چوری کرکے کباڑ میں بیچ دیا ملزم اگلی واردات ڈال رہے تھے ر یلوے پولیس نے رنگے ہاتھوں قابو کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ملز موں نشاندہی پر سجاد کباڑیئے کو گرفتار کرکے سامان بھی برآمد کرلیا تاہم تفتیش کے دوران اعلیٰ افسروں کی کارروائی میں مبینہ مداخلت کا انکشاف ہوا ہے ۔ ریلوے سپیشل برانچ کے انچارج اعجاز سرویہ کی جانب سے تفتیشی افسر رانا عبدالجبار سے مل کر اہلکار قمر سعید کو بچانے کی کو ششیں جاری ہیں ڈی ایس پی امین عالم بھی مبینہ طور پر حصہ بٹورنے والوں میں بھی شامل ہیں۔2 روز قبل پی ڈی ایس پی کاشف بٹ اور ڈی ایس پی بی میڈم سمعیہ پر مشتمل انکوائری کمیٹی کی جانب سے مقدمہ کے گواہان سے حلف لینے کے بعد بیان ریکارڈ کیے گئے ذرائع کے مطابق اس دوران بھی اعجاز سرویہ کی جانب سے ملز موں کو بچانے کیلئے گواہان پر بیان بدلنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا رہا۔تفتیشی افسر رانا عبدالجبار کی جانب سے ملزم قمر سعید کوجھوٹا بہانہ بنا کر فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کروا دیا گیا ہے تاکہ تفتیش سے بچایا جا سکے ۔ ڈی آئی جی ریلویز عبداللہ شیخ سے رابطہ کیا گیا تاہم ان کی جانب سے کوئی مؤقف نہیں دیا گیا۔