میونسپل کارپوریشن کی ملکیتی دکانوں میں کروڑوں روپے کرپشن کی تحقیقات شروع
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر)کارخانہ بازار میں میونسپل کارپوریشن کی ملکیتی دکانوں میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے معاملے پر ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے تحت تحقیقات شروع کردیں۔۔
سلیم پٹواری نے مبینہ طور پر افسران کے ساتھ مل کر قومی خزانے کو مجموعی طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ۔تفصیلات کے مطابق بغدادی مارکیٹ کارخانہ بازارمیں موجود پانچ کنال چھ مرلہ کمرشل پراپرٹی جو 1999سے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی ملکیتی ہے جس پر تقریبا 150 ناجائز قابضین نے مبینہ طور پر محمد سلیم میونسپل پٹواری اور دیگر ذمہ دار افسران کی مدد سے پچیس سال سے زائد عرصے سے قبضہ جما رکھا ہے اور میونسپل کارپوریشن فیصل آباد نے ان قابضین سے کئی سال کا کرایہ بھی وصول نہیں کیااور شہر کے اہم کاروباری مرکز میں موجود اربوں روپے کی جائیداد کو بغیر فروخت کیے ہی ناجائز قابضین کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا اور کئی سال تک مارکیٹ ریٹ پر بمعہ پینل رینٹ بھی وصول نہیں کیا جس سے کرایہ کی مد میں ہی پچھلے پچیس سال سے زائد عرصہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ روزنامہ دنیا کی جانب سے یہ معاملہ رپورٹ کیا جاچکا تھا اب اس معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کی جانب سے حلقہ پٹواری محمد سلیم اور مظہر عباس شاہ کو طلبی کے نوٹسز بھجوائے گئے ہیں اورآمدن سے زائد اثاثہ جات کے شبہ میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پرسلیم پٹواری نے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد میں تعیناتی کے دوران بے شمار نامی اور بے نامی جائیدادیں بنا رکھی ہیں اور سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا،معاملے سے متعلق موقف لینے کے لیے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے کوئی موقف نہ دیا۔