20اکتوبر تک انٹرنیٹ مکمل بحال:چیئرمین پی ٹی اے

20اکتوبر تک انٹرنیٹ مکمل بحال:چیئرمین پی ٹی اے

اسلام آباد(حریم جدون)پی ٹی اے حکام نے کہا کہ اکتوبر کے آخر تک انٹرنیٹ میں خلل اور سست روی ختم ہو جائیگی، 20 اکتوبر تک ویب مینجمنٹ سسٹم (ڈبلیو ایم ایس) کی تنصیب اور اپ گریڈیشن مکمل ہو جائے گی۔۔۔

 ڈبلیو ایم ایس کی تنصیب سے انٹرنیٹ سسٹم پر حملے کو بھی روکا جا سکے گا۔ اپ گریڈیشن سے 8 سے 9 ٹیرا بائٹ تک کی گنجائش کا انتظام کیا جاسکے گا۔ پی ٹی اے حکام کے مطابق مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب کا آغاز 2019 میں ہوا تھا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے سربراہ میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کا بھی کہنا تھا کہ 20 اکتوبر تک ویب مینجمنٹ سسٹم (فائر وال) کی توسیع کا کام مکمل ہو جائے گا جس کے بعد ملک میں انٹرنیٹ سروسز مکمل بحال ہو جائیں گی۔ملک میں انٹرنیٹ کی سست روی اور بندش کی وجوہات بتاتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی بندش کے معاملے پر پاکستان کا دوسرے ممالک سے تقابلی جائزہ نہیں بنتا۔ ہمارے ملک میں سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ایسے فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔نیٹ بلاکس کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی اور لاہور سے واٹس ایپ سروسز میں خلل کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں