وزیراعظم کل سعودی سرمایہ کاری وفد کے اعزاز میں عشائیہ دینگے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیلئے سعودی وفد کی پاکستان آمد کا شیڈول جاری کر دیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی وفد کے اعزاز میں نجی ہوٹل میں عشائیہ دیں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی اعلیٰ سطح سرمایہ کاری وفد آج اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے گا، سعودی وفد پاکستان میں دو راب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
سعودی وفد کیلئے عشائیہ میں وفاقی وزراء کو بھی مدعو کیا گیا ہے، سعودی وفد 11 اکتوبر کو نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کرے گا، عسکری حکام سے سعودی وفد کی ملاقاتیں 11 اکتوبر کو متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارتی سطح پر سعودی وفد کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل میٹنگز بھی پرسوں ہوں گی، وفد کے ساتھ کل پلینری سیشن، سیکٹورل بریک آؤٹ سیشن، بزنس ٹو بزنس سیشن ہوگا، مختلف سیشنز میں وزارت توانائی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی حکام شامل ہوں گے، سیشنز میں وزارت فوڈ سکیورٹی، کمیونیکیشن ڈویژن، وزارت پٹرولیم حکام شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کیلئے وزارت صنعت وپیداوار اور سروسز سیکٹر کے لوگ بھی شامل ہوں گے، سیشنز کے بعد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔