گندم اورآٹا وافر مقدار میں موجود ہے :ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرجھنگ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع جھنگ میں گندم اورآٹا وافر مقدار موجود ہے ، 10 اور 20 کلوگرام آٹا کے تھیلے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت ہورہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جھنگ محمد رمضان سیال نے مارکیٹ میں گندم اور آٹا کی مقرر کردہ حکومتی نرخوں پر وافر مقدار میں دستیابی کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلی مریم نواز اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ فیصل آباد ڈویژن سردار سیف اﷲکی ہدایات پر ضلع جھنگ میں 10 کلوگرام آٹا کا تھیلہ 760 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ، گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جھنگ نے بتایا کہ ضلع ہذا کے گوداموں میں 158402 میٹرک ٹن گندم موجود ہے اور کسی بھی قسم کی قلت کا کوئی خدشہ نہ ہے ،گراں فروشی کرنے والے دوکانداروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 5 فوڈ گرین لائسنس معطل کئے گئے اور 150000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ محمد رمضان سیال کا کہنا ہے کہ آٹا کی دستیابی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کا نا جائز منافع کمانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔