پولیس کاکھڈیاں وڑائچا ں میں سرچ آپریشن ، سی پی او بھی پہنچ گئے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)پولیس نے تھانہ صدر کے علاقے کھڈیاں وڑائچا ں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے خالی کروالیا ۔۔
سٹی پولیس آفیسر نے بھاری نفری کے ہمراہ علاقے میں آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدرکے علاقہ کھڈیاں وڑائچاں چکنمبر 237ر۔ب میں پولیس کیلئے کسی آپریشن چیلنج سے کم نہ تھا، بدنام زمانہ وقاص شاہ گینگ نے علاقے کو نو گو ایریا بنادیا تھا، تاہم سٹی پولیس آفیسر کامران عادل نے علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے اور مکینوں کی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا۔ اور انہیں کارروائیوں کے دوران وقاص شاہ اور اسکے ساتھی کو وہاڑی پولیس مقابلہ کے دوران ہلاک کردیاگیا تھا جبکہ اس پولیس مقابلے میں ڈی ایس پی وسیم فراز زخمی بھی ہوئے تھے تاہم اسکے بعد پولیس نے علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے مکمل خالی کروانے کیلئے وقفے وقفے سے آپریشنز اور کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ۔ گزشتہ روز بھی پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں آپریشن کلین اپ کیا،سی پی او بھی جوانواں اور افسران کا حوصلہ بڑھانے کیلئے وہاں پہنچ گئے ۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کا کہنا تھا کہ فیصل آباد پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔