واسا کو اکتوبر کے مہینے میں33کروڑ50لاکھ روپے سے زائد کی ریکارڈ ریکوری
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس نے ماہ اکتوبر کے دوران 33 کروڑ50 لاکھ روپے سے زائد کی ریکارڈ ریکوری کی ہے جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں ریونیو ریکوری16 کروڑ روپے تھی اس طرح واسا حکام کی خصوصی کاوشوں کے باعث اکتوبر میں ریونیو ریکوری میں 110 فیصد تک اضافہ ممکن ہوا۔
واضح رہے کہ ایم ڈی واسا،ڈی ایم ڈی ایڈمن شعیب رشید کی زیر نگرانی اور ریونیو ڈائریکٹوریٹس افسروں و سٹاف کی خصوصی محنت و لگن اور فرائض کی ذمہ دارانہ انجام دہی سے ریکارڈ ریونیو ریکوری سے واسا فیصل آباد کا50 فیصد خسارہ کم ہوا ہے جبکہ آئندہ سال کے بجٹ تک واسا فیصل آباد ایک مستحکم پوزیشن میں ہو گا۔ایم ڈی نے بتایا کہ ریونیو ڈائریکٹوریٹس کو ریونیو ریکوری میں اضافہ کرنے کی خصوصی ہدایت کررکھی تھی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ شہریار حسن اور ڈائریکٹر ریونیو ویسٹ محمد اقبال ملک نے خصوصی کاوشیں کیں اور ریونیو فیلڈ سٹاف کو روزانہ کی بنیاد پر نادہندگان سے ریونیو ریکوری کرنے کی ہدایت کی تھی انہوں نے اکتوبر کے مہینے کے دوران ریکارڈ ریکوری پر ڈائریکٹرز ریونیو اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔ ایم ڈی نے کہا کہ شہریوں کو مہیا کی جانے والی فراہمی و نکاسی کی معیاری سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ واسا کے ماہانہ بلز اور واجبات کی عدم ادائیگی پر صارفین کے کنکشن بھی منقطع کئے جارہے ہیں۔