شہر میں روزانہ 250سے زائد وارداتیں،پولیس نا کام
فیصل آباد(عبدالباسط سے )پاکستان کے تیسرے بڑے اور ایک کروڑ سے زائد آبادی والے شہر فیصل آباد میں روزانہ ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر لوٹ مار کی250سے زائد وارداتیں،پولیس کنٹرول کرنے میں ناکام۔
، شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہے اورپولیس حکام کی جانب سے ضلع بھر کے مختلف مقامات پر آبادی اور رقبے کے لحاظ سے 44تھانہ جات قائم کیے گئے ہیں، ان تھانوں کی حدود، مین شاہراہوں اور دیگر اہم مقامات پر پولیس نے خصوصی طور پر ٹیمیں تشکیل دے کر گشت اور ناکہ بندی کا پلان مرتب کیا ہے لیکن پولیس کی منصوبہ بندی مبینہ طور پر صرف کاغذی کارروائیوں تک ہی محدود دکھائی دیتی ہے جس کی وجہ سے شہر بھر میں پولیس کی ناکہ بندی اور گشت نہ ہونے کے برابر ہے اور ایسی صورتحال میں ڈکیتی، چوری، راہزنی، منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں روزانہ ڈکیتی، چوری، راہزنی اور لوٹ مار کی اڑھائی سو سے زائد وارداتیں رپورٹ ہو رہی ہیں اور ان وارداتوں میں شہریوں کو موٹر سائیکلوں، گاڑیوں، زیورات، نقدی، موبائلز، مویشیوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ وارداتوں کی روک تھام کے لئے لگائے جانے والے پولیس ناکوں اور گشت کے دوران اہلکار اور افسر جرائم پیشہ عناصر کو پکڑنے کی بجائے عام شہریوں کو روک کر مختلف طریقوں سے ہراساں کرکے مبینہ نذرانے وصول کرتے ہیں ۔ تاہم سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کا کہنا ہے کہ وارداتوں کی روک تھام کے لئے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔