سموگ : سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں اضافہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سموگ میں اضافے کے باعث شہر بھر کے ہسپتالوں میں سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔
او پی ڈیز میں روزانہ کی بنیاد پر آنے والے مریضوں میں سے کئی ان ڈور میں داخل کرلیے جانے لگے ۔فیصل آباد میں سموگ کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق الائیڈ ہسپتال ون، الائیڈ ہسپتال ٹو سمیت دیگر علاجگاہوں میں یومیہ 20 فیصد زائد مریض سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہونے پر علاج کے لیے لائے جا رہے ہیں۔ جبکہ پہلے سے سانس اور دل کے امراض میں مبتلا افراد کی حالت بھی قابل رحم ہو چکی ہے ۔ طبی ماہرین نے صورتحال کو خطرناک قرار دیا ہے ۔ ڈاکٹر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ مریض آنکھوں میں جلن، بے ترتیب اور سانس لینے میں دقت جیسی شکایات کے ساتھ آ رہے ہیں جبکہ سموگ کے باعث حرکت قلب بند ہونے جیسے خطرات نے بھی جنم لے لیا ہے ۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں جبکہ ماسک کا استعمال باقاعدگی سے کریں۔