سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ،دورانیہ 14گھنٹے سے تجاوز
چناب نگر(نامہ نگار )شہروگردونواح میں سوئی گیس کی مسلسل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،دورانیہ 14گھنٹے سے تجاوز کرگیا ،عوام مہنگے داموں ہوٹلوں سے روٹیاں اور سالن خرید نے پر مجبور،ایل پی جی بھی عوام کی قوت خرید سے باہرہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ14گھنٹے سے تجاوز کرگیا، متعدد علاقوں میں گیس سپلائی کے اوقات میں پریشر کمی کی شکایت بھی سامنے آ رہی ہیں جس باعث شہری روٹیاں اورسالن ہوٹلوں سے خرید کر کھانے پر مجبور ہیں ، ہوٹل مالکان نے بھی عوام کو انتظامی عدم دلچسپی کے باعث لوٹنا شروع کردیا اور غیر معیاری اشیاء کا استعمال کرکے صحت سے کھلواڑمعمول بنا لیا۔دوسری جانب ایل پی جی مافیا بھی عوام سے من مانے ریٹ وصول کرنے لگا ہے ۔شہریوں نے گیس لوڈشیڈنگ پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں میں کھانا تیار کرنے کی روٹین بری طرح متاثر ہوچکی ہے جس کی وجہ سے گھریلو اخراجات میں اضافہ ہونے پرگھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہورہا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سوئی گیس لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات عمل میں لائیں ۔