ایف بی آر نے ایکسپورٹرز کے ماہانہ ری فنڈز دبالیے ، برآمدی شعبہ کی مشکلات میں اضافہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ایف بی آر نے ایکسپورٹرز کے ماہانہ ری فنڈز دبا لیے ۔ اکتوبر میں جمع ہونے والے پونے چار ارب سے زائد کے سیلز ٹیکس ری فنڈز مقررہ مدت کے چار ہفتوں بعد بھی ادا نہ کیے جا سکے ۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ایکسپورٹ سیکٹر کی مشکلات میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ 72 گھنٹوں کے ٹائم فریم کے بجائے ایکسپورٹرز کو تاحال اکتوبر کے ری فنڈز جاری نہیں ہوسکے ۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے ذمہ 3 ارب 81 کروڑ روپے کے سیلز ٹیکس ری فنڈز بنتے ہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصہ کے دوران ایکسپورٹرز کو 4 ارب روپے سے زائد کے سیلز ٹیکس ری فنڈز ادا کیے گئے تھے ۔ ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس کا بڑا حصہ ہر ماہ ری فنڈز کی مد میں نکل جاتا ہے ۔ جس کی واپسی ایک مسئلہ بن چکی ہے ۔ رواں مالی سال کے دوران متعدد بار ادائیگیوں میں رکاوٹ کا سامنا رہا ہے ۔ جس کے باعث کاروبار میں اندرونی سرمایہ کاری کا سلسلہ رک کر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے نوٹس لیتے ہوئے مسائل کے مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے ۔