سابق وی سی زرعی یونیورسٹی ڈاکٹراقرار کیخلاف کرپشن ودیگرالزامات کی نئی تحقیقات شروع
فیصل آباد(بلال احمد سے )سابق وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر اقرار احمد خاں کیخلاف مبینہ کرپشن، اقربا پروری سمیت دیگر الزامات کی نئی تحقیقات کا آغاز ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اقرار احمد خاں پر اپنے بیٹے نہال احمد کو سکالرشپ کیلئے بیرون ملک بھجوانے اور پیشگی فنڈ ز ادا کرنے ، غیرقانونی 608ملازمین کی تعیناتیوں، 90لاکھ سے زائد کے اعزازیہ، وی سی کے ساتھ پرا جیکٹ ڈائریکٹر کا عہدہ پاس رکھ کر 42لاکھ کی اضافی تنخواہ لینے ،الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجود یونیورسٹی آف کمالیہ میں بطور نگران 99 ملازمین کی تعیناتی اور خاندان کے افراد کو نوازنے جیسے الزامات کا سامنا ہے جبکہ اس سے قبل بھی ڈاکٹر اقرار کے خلاف درجنوں شکایات پر تحقیقات جاری تھیں۔ ریٹائر منٹ سے چند ماہ قبل179 صفحات پر مشتمل 341 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کا ایجنڈ جاری کرتے ہوئے ممبران کو صرف ایک روز کا وقت دیتے ہوئے طلب کیا گیاتھا ،ایجنڈے میں وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار کے بھائی ڈاکٹر اظہار خاں کو بھی پروفیسر بنانے کا میٹنگ منٹ شامل کیا گیا تھا ۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ گورنرپنجاب نے ایکٹ 1973 کے سیکشن 11-A کے تحت سلیکشن بورڈ اور زرعی یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کی کارروائی سمیت گذشتہ تین ماہ کا ریکارڈ اورسابق وائس چانسلر کیخلاف الزامات کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔یونیورسٹی انتظامیہ نے رپورٹ اور ریکاڈرحکومت کو ارسال کردیا جس پر مزید انکشافات کا امکان ہے ۔