ذیابیطس سے اسقاط حمل کے امکانات بڑھ جاتے :پروفیسرالفرید
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)معروف گائنا کالوجسٹ اور پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ حاملہ خواتین میں ذیابیطس کا مرض نہ صرف ماں بلکہ رحم مادر میں پرورش پانے والے بچے کیلئے۔۔۔
بھی سنگین خطرات کا باعث ہے جس کی وجہ سے اسقاط حمل کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جبکہ خون میں گلوکوزکی سطح مطلوبہ حد سے تجاوز کرنے کی صورت میں ہائی بلڈ پریشر،پیشاب میں پروٹین کی رطوبت شامل ہونے اور جسم کی سوجن سمیت دیگر پیچیدگیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال میں \" خواتین میں دوران حمل ذیابیطس کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل اور احتیاطی تدابیر \" کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کیا جہاں گائناکالوجسٹس اور میڈیکل سٹوڈنٹس بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حاملہ خواتین کو اپنی اور اپنے بچے کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معالج کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ گائنا کالوجسٹ سے طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کرواتے رہیں تاکہ اگر کوئی پیچیدگی ہو تو اُس کی بر وقت تشخیص کر کے مناسب علاج کیا جا سکے ۔