ٹھیکریوالا: ایمرجنسی ٹرانسفارمر ٹرالیاں مکینوں کیلئے عذاب
ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا )فیسکو حکام کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث کئی ماہ سے خراب ٹرانسفارمر مرمت نہ کئے جا سکے ،صارفین کو ایمرجنسی ٹرانسفارمر ٹرالیوں کے ذریعے بجلی کی فراہمی جاری۔۔۔
کئی کئی ماہ سے گلی محلوں میں کھڑی ایمرجنسی ٹرانسفارمر ٹرالیاں مکینوں کیلئے عذاب بن گئیں ۔تفصیلات کے مطابق فیسکو سب ڈویژن سدھار کے عملہ کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث سدھار کے علاقہ محلہ صدیقیہ کالونی میں گذشتہ کئی ماہ سے خراب گھریلو ٹرانسفارمر مرمت نہ کئے جاسکے ، گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی ایمرجنسی ٹرالیاں لگا کر فراہم تو کر دی گئی لیکن گلیوں کے وسط میں کھڑی عارضی بجلی بحالی کی ٹرالیاں علاقہ مکینوں کے پیدل گزرنے میں بھی مشکلات کا باعث بن چکی ہیں۔ بچوں،نوجوانوں،خواتین اور بزرگوں کو گلی محلوں سے گزرنے میں شدید دشواری کے ساتھ ساتھ کسی بھی بڑے حادثے سے دوچار ہونے کا اندیشہ ہے ،اس حوالے سے متعدد بار فیسکو حکام سب ڈویژن سدھار کو آگاہ بھی کیا جا چکا تاہم عملدرآمد نہیں ہو سکا ۔اہل علاقہ نے اعلی حکام سے نوٹس لینے اور خراب ٹرانسفارمر کی جلد از جلد مرمت یقینی بنا کر علاقہ مکینوں کیلئے دشواری کا باعث گلیوں میں کھڑی ایمرجنسی ٹرانسفارمرز ٹرالیاں فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ۔